اسلام آباد کی فیملی کورٹ نے سابق سینیٹر مشتاق احمد کی اہلیہ حمیرا طیبہ کے حق میں خلع کی ڈگری جاری کر دی ہے۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کی جج عنبرین اقبال نے کیس کی سماعت کے بعد نکاح خلع کی بنیاد پر ختم کرنے کا حکم دیا۔
عدالت کے مطابق حمیرا طیبہ اپنے شوہر کے ساتھ مزید ازدواجی زندگی گزارنے پر آمادہ نہیں تھیں۔ دونوں کے درمیان صلح اور مصالحت کی کوششیں بھی کامیاب نہ ہو سکیں۔
عدالت میں خاتون کا مؤقف
عدالتی فیصلے کے مطابق حمیرا طیبہ نے اپنے بیانِ حلفی میں شوہر کے ساتھ رہنے سے انکار کیا تھا۔ مصالحت کی کوششیں ناکام ہونے کے بعد عدالت نے خلع کی ڈگری جاری کر دی۔
فیصلے میں یہ بھی کہا گیا کہ حق مہر کے معاملے پر دونوں فریقوں کا ایک دوسرے کے خلاف کوئی دعویٰ باقی نہیں ہے۔
عدالت نے بچوں کے نان و نفقہ، غیر شادی شدہ بیٹیوں کے اخراجات اور دیگر استدعاؤں سے متعلق باقی دعویٰ واپس لیے جانے پر خارج کر دیا۔
فیملی کورٹ نے خلع کی ڈگری کی مصدقہ نقل سابق سینیٹر مشتاق احمد اور متعلقہ یونین کونسل کو بھجوانے کا حکم بھی دیا ہے۔





