وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ ڈاکٹرز کے بورڈ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو سرجری تجویز کی تو حکومت تمام ضروری سہولتیں فراہم کرے گی۔
وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کو ڈاکٹروں کے مشورے کے مطابق علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ اگر ڈاکٹرز کے بورڈ نے عمران خان کی سرجری ضروری قرار دی تو حکومت اس کے لیے بھی سہولت فراہم کرے گی۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں کی گئی۔ حکومت دونوں کو طبی ماہرین کی ہدایات کے مطابق علاج کی سہولت فراہم کرے گی۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی والے پہلے انتشار اور ہنگامہ آرائی چاہتے تھے، تاہم ناکامی کے بعد بات چیت کی طرف آئے ہیں۔ حکومت نے معاملات خوش اسلوبی سے طے کرنے کی کوشش کی، لیکن پی ٹی آئی مذاکرات پر آمادہ نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کی پالیسی واضح ہے اور تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کرنا چاہتی ہے۔ تاہم یہ تاثر درست نہیں کہ مذاکرات کی میز پر کسی قسم کی ڈیل یا رعایت زیر غور ہے۔
وزیراعظم کے مشیر کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کا معاملہ جلد پارلیمنٹ میں پہنچے گا، جہاں اس پر بحث ہوگی۔ یہ ایسا معاملہ نہیں کہ کوئی ایک شخص فیصلہ کرے اور مسئلہ حل ہو جائے۔
انہوں نے واضح کیا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق معاملات پر پارلیمنٹ میں بحث اور مشاورت کے بعد ہی پیش رفت ممکن ہوگی۔
دیکھیے؛ بشریٰ بی بی کی علاج کے لیے ہسپتال منتقلی کی درخواست دائر





