پاکستان سمیت دنیا بھر میں حضرت امام حسین ؓسمیت شہدائے کربلا کی عظیم قربانی کی یاد میں یومِ عاشور 10 محرم الحرام کل مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جائے گا۔
ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آج او کل ماتمی جلوس نکالے جائیں گے جبکہ ملک کے حساس مختلف شہروں میں موبائل فون سروس بند رکھی جائے گی،ماتمی جلوسوں کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کئے گئے ہیں۔
موبائل کنٹرول روم قائم کر دئیے گئے، پاک فوج کی خدمات بھی حاصل کی گئی ہیں، ڈبل سواری اور ڈرون اڑانے پر پابندی عائد ہوگی۔ رینجرز کے دستے پولیس کی معاونت کریں گے، جلوس کے راستوں میں آنیوالی مارکیٹیں بند رہیں گی۔ پولیس ترجمان کے مطابق موبائل فون سروس اتوار یوم عاشور کی شب 10 بجے کے بعد بحال کی جائے گی۔
اسی دن کی مناسبت سے راولپنڈی اور لاہور سمیت ملک کے بیشتر بڑے شہروں میں ٹریفک کیلئے ایڈوائزری پلان جاری کر دیے گئے ہیں۔ ملک بھر میں آج اور کل عام تعطیل کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔