وزیر دفاع خواجہ آصف نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی تقریر پر ردعمل دیتے ہوئے ان سے سوال کیا ہے کہ کیا ان کے اپنے ہاتھ صاف ہیں اور کیا انہیں دوسروں کو نصیحت یا دھمکیاں دینے کا حق حاصل ہے؟
خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا کہ بلاول بھٹو نے نظام کو ری سیٹ کرنے کی بات کی ہے، لیکن عوامی حمایت کے بغیر کسی بھی نظام کو ازسرنو ترتیب نہیں دیا جا سکتا۔ ان کے مطابق سیاست دانوں کا احتساب کوئی نیا تصور نہیں اور کوئی بھی سیاست دان قانون سے بالاتر نہیں ہے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ سیاست دانوں کو اپنی قانونی اور سیاسی حیثیت عوامی رائے سے حاصل ہوتی ہے۔ عوامی مشاورت کو پچھلے دروازے سے آنے کا نام نہیں دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ نظام میں تبدیلی کے معاملے پر پارلیمنٹ میں بحث ہونی چاہیے اور اس عمل میں عوام کی رائے کو بھی اہمیت دی جانی چاہیے۔
خواجہ آصف نے پیپلز پارٹی کی سندھ میں طویل حکمرانی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پارٹی گزشتہ 18 سال سے صوبے میں اقتدار میں ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں سوال کیا کہ کیا سندھ جنت بن چکا ہے اور کیا کراچی کی حالت ایسی ہے کہ دنیا اس پر رشک کرتی ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی 2022 سے وفاقی حکومت میں بھی شراکت دار رہی ہے۔ ان کے بقول حکومتی فیصلوں کے منافع اور نقصانات کی ذمہ داری تمام اتحادی جماعتوں پر عائد ہوتی ہے۔ ایسے میں دوسروں کو نصیحت کرنے سے پہلے اپنی کارکردگی کا جائزہ لینا چاہیے۔
وزیر دفاع نے کہا کہ حکمرانوں کے پاس موجود طاقت عوام کی امانت ہے، کسی کی میراث نہیں۔ عوام کے حقوق کو صرف آئین کے صفحات تک محدود نہیں رہنا چاہیے بلکہ انہیں عملی طور پر بھی یقینی بنانا ضروری ہے۔
خواجہ آصف نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پاکستان کی اصل ضرورت اختیارات کو گلی اور محلے کی سطح تک منتقل کرنا ہے، جہاں عوامی رائے اور پارلیمنٹ کا کردار مؤثر ہو۔ ان کے مطابق حکمرانی کسی ایک جماعت یا فرد کی اجارہ داری نہیں بلکہ ملک کے 25 کروڑ عوام کا حق ہے۔
واضح رہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز کراچی پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے سیاسی نظام کو ری سیٹ کرنے، انتقامی کارروائیاں بند کرنے اور سیاسی قیدیوں کی رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے سندھ کی تقسیم سے متعلق بیانات پر بھی سخت ردعمل دیا تھا۔
اس سے قبل وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ نے بھی بلاول بھٹو کے بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ صوبوں کی تعداد میں تبدیلی کا فیصلہ سیاسی جماعتوں کے اتفاق رائے سے ہونا چاہیے۔





