گوجرانوالہ: مادر وطن کے دفاع کی خاطر جام شہادت نوش کرنے والے پاک فوج کے نوجوان افسر کیپٹن ابوذر فاروق شہید کا جسد خاکی گوجرانوالہ پہنچا دیا گیا ہے۔ شہید کا جسد خاکی آبائی گھر پہنچنے پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔
کیپٹن ابوذر فاروق خیبر پختونخوا کے ضلع ہنگو میں دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے تھے۔ ان کی شہادت نے پورے علاقے میں غم اور فخر کی ملی جلی کیفیت پیدا کر دی ہے۔
شہید کے جسد خاکی کے استقبال کے لیے شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکل آئی۔ ایمبولینس محلے میں داخل ہوتے ہی فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر اور پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعروں سے گونج اٹھی۔
اہل علاقہ نے ایمبولینس پر عقیدت کے ساتھ گلاب کی پتیاں نچھاور کیں۔ شہریوں نے اشکبار آنکھوں کے ساتھ اپنے ہیرو کا پرجوش اور والہانہ استقبال کیا۔
اس موقع پر موجود افراد کا کہنا تھا کہ شہدا قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں۔ کیپٹن ابوذر فاروق نے اپنی قیمتی جان قربان کر کے قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے۔
شہریوں نے کہا کہ وطن کی خاطر جان نچھاور کرنے والے بہادر سپوت ہمیشہ دلوں میں زندہ رہتے ہیں۔ قوم اپنے ان جانثار بیٹوں کی لازوال قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔
دیکھیے: ہنگو: سیکیورٹی فورسز نے بھارتی حمایت یافتہ 8 دہشتگرد ہلاک کردیے، 2 افسران سمیت 6 جوان شہید