ڈیرہ بگٹی اور کشمور کے درمیانی روڈ پر سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کامیاب آپریشن کیا۔ یہ کارروائی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت انجام دی گئی۔
ذرائع کے مطابق علاقے میں فتنۃ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں۔ فورسز کی پیش قدمی پر دہشت گردوں نے فائرنگ شروع کر دی۔
سکیورٹی فورسز کی مؤثر جوابی کارروائی کے نتیجے میں 6 دہشت گرد موقع پر ہی ہلاک ہو گئے۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران فورسز کے چند اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
علاقے میں سرچ آپریشن جاری
واقعے کے فوری بعد سکیورٹی دستوں نے متعلقہ شاہراہ اور اطراف کے علاقوں کو گھیرے میں لے لیا۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طبی امداد کے لیے منتقل کر دیا گیا ہے۔
علاقے کو شرپسند عناصر سے مکمل طور پر پاک کرنے کے لیے سرچ آپریشن کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
سکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ امن و امان کو سبوتاژ کرنے کی ہر مذموم کوشش کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔