بلوچستان کے شہر گوادر میں سکیورٹی فورسز نے تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ پر حملے کی کوشش ناکام بنا دی۔ جوابی کارروائی میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ مختلف مقامات پر مزید 7 دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رہی۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے گوادر میں تعمیراتی کمپنی کے خالی کیمپ کو نشانہ بنانے کی کوشش کی۔ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے حملہ ناکام بنا دیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران 3 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ مزید 3 دہشت گردوں کو گھیرے میں لے لیا گیا۔
گوادر شاہراہ پر آپریشن
سکیورٹی ذرائع کے مطابق گوادر شاہراہ کے قریب واقع ایک ہوٹل میں موجود دہشت گردوں کے خلاف بھی آپریشن جاری رہا۔ اس مقام پر 4 دہشت گرد فورسز کے گھیرے میں تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ گوادر کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) خود آپریشن کی قیادت کر رہے تھے۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی جاری رہنے کی اطلاع دی گئی۔





