نئی دہلی: بھارتی ریاست گجرات کے ایک نجی ٹی وی چینل کے براہِ راست پروگرام کی متنازع ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ اس ویڈیو میں ایک ہندوتوا رہنما کو خواتین اینکرز کو تیز دھار چھریاں دیتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
پروگرام کے دوران ہندوتوا رہنما خواتین اینکرز کو مبینہ طور پر دفاع کے نام پر تشدد کی ترغیب دیتا ہے۔ اس دوران اینکرز کیمرے کے سامنے مخصوص انداز میں گلا کاٹنے کے اشارے کرتی ہوئی نظر آتی ہیں۔
سوشل میڈیا پر شیئر کی گئی اس ویڈیو نے بڑے پیمانے پر توجہ حاصل کر لی ہے۔ بین الاقوامی امور کے ماہرین اور انسانی حقوق کے کارکنوں نے اس اقدام پر گہری تشویش ظاہر کی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ میڈیا پلیٹ فارمز کو نفرت اور تشدد کے پرچار کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے۔
In TV show in Gujarat, India, Hindutva leader is giving sharpen knives to women TV anchors and women tv anchors demonstrating live how to cut throats of Muslims. pic.twitter.com/jXfpHCD4vj
— Ashok Swain (@ashoswai) September 27, 2026
مبصرین کے مطابق بھارتی ٹی وی چینلز پر اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے خلاف منافرت پھیلانے کا سلسلہ روز بروز بڑھ رہا ہے۔ نشریات کے دوران اس نوعیت کے مظاہرے معاشرے میں شدت پسندی کو معمول بنانے کی منظم کوشش قرار دیے جا رہے ہیں۔
سماجی حلقوں نے مطالبہ کیا ہے کہ میڈیا اخلاقیات کی سنگین خلاف ورزی اور کھلی اشتعال انگیزی پر متعلقہ چینل اور اینکرز کے خلاف فوری اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔