یمن کے حوثی گروپ نے سعودی عرب کے مغربی ساحل پر واقع رابغ آئل ریفائنری کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، تاہم سعودی حکام نے تاحال حملے کی تصدیق یا تردید نہیں کی۔
ایران کے حمایت یافتہ حوثی گروپ نے اتوار کو جاری بیان میں کہا کہ اس نے بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع سعودی عرب کی رابغ آئل ریفائنری کے خلاف فوجی کارروائی کی ہے۔
حوثیوں کا دعویٰ ہے کہ حملہ براہ راست ہدف پر لگا، تاہم گروپ نے ممکنہ جانی یا مالی نقصان کی تفصیلات جاری نہیں کیں۔ سعودی حکام کی جانب سے فوری ردعمل سامنے نہ آنے کے باعث حملے کی آزادانہ تصدیق بھی نہیں ہوسکی۔
رابغ میں پیٹرو رابغ کا بڑا آئل ریفائننگ اور پیٹروکیمیکل کمپلیکس واقع ہے۔ اسے سعودی آرامکو اور جاپانی کمپنی سومیتومو کیمیکل نے مشترکہ طور پر تیار کیا ہے۔ یہ صنعتی مرکز جدہ سے تقریباً 165 کلومیٹر شمال میں بحیرہ احمر کے ساحل پر واقع ہے۔
رائٹرز کے مطابق حوثی گروپ حالیہ مہینوں میں سعودی عرب کے توانائی کے بنیادی ڈھانچے پر حملوں کے متعدد دعوے کر چکا ہے۔ ان میں مشرق و مغرب آئل پائپ لائن اور جازان اور راس تنورہ کی ریفائنریز بھی شامل ہیں، تاہم سعودی حکام نے ان حملوں کی بھی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔





