پاکستان آج سے 26 نومبر تک اسلام آباد میں جوہری سلامتی سے متعلق عالمی اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس میں 49 رکن ممالک کے نمائندے شرکت کریں گے۔
دفتر خارجہ کے مطابق انٹرنیشنل نیٹ ورک فار نیوکلیئر سکیورٹی ٹریننگ اینڈ سپورٹ سینٹرز کا 15واں سالانہ اجلاس بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے تعاون سے منعقد ہوگا۔
چار روزہ اجلاس میں جوہری سلامتی سے متعلق تربیت بہتر بنانے، عالمی تعاون مضبوط کرنے اور رکن ممالک کے درمیان تجربات کے تبادلے پر بات چیت کی جائے گی۔
اجلاس کے شرکا دنیا بھر میں جوہری سلامتی کے نظام کو درپیش نئے چیلنجز اور ان سے نمٹنے کے مؤثر طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ این ایس ایس سی نیٹ ورک ممالک کو علم کے تبادلے، باہمی رابطہ کاری اور تربیتی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ایک مشترکہ پلیٹ فارم فراہم کرتا ہے۔
بیان کے مطابق اسلام آباد میں اجلاس کی میزبانی بین الاقوامی تعاون کے ذریعے جوہری سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔
پاکستان میں جوہری بجلی گھر اور تحقیقی مراکز بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی کی حفاظتی نگرانی کے تحت کام کرتے ہیں۔ پاکستان مختلف بین الاقوامی شراکت داریوں اور تربیتی اقدامات کے ذریعے جوہری تحفظ اور سلامتی کی اہمیت اجاگر کرتا رہا ہے۔
پاکستان اس سے قبل 2016 میں بھی این ایس ایس سی نیٹ ورک کے سالانہ اجلاس کی میزبانی کر چکا ہے۔ اس وقت اسلام آباد، ویانا میں آئی اے ای اے کے صدر دفتر سے باہر اس اجلاس کی میزبانی کرنے والا پہلا شہر بنا تھا۔





