انسداد دہشت گردی عدالت نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں یا ویڈیو لنک کے ذریعے پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔
کیس کی سماعت اے ٹی سی کے جج طاہر عباس سپرا نے کی۔ عدالت نے واضح ہدایت جاری کی کہ بانی پی ٹی آئی کی عدالت میں حاضری لازمی بنائی جائے، چاہے وہ جسمانی طور پر ہو یا بذریعہ ویڈیو لنک۔
دوران سماعت عدالت نے پی ٹی آئی کے چار اہم رہنماؤں اور سابق وفاقی وزراء فرخ حبیب، حماد اظہر، مراد سعید اور شبلی فراز کو باقاعدہ اشتہاری قرار دے دیا۔ عدالت نے متعلقہ اداروں سے ملزمان کی جائیدادوں کی مکمل تفصیلات بھی طلب کر لی ہیں۔
مزید برآں، عدالت نے سابق ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی واثق قیوم اور پی ٹی آئی کے رکن پنجاب اسمبلی حسن خان نیازی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔
عدالت نے کارروائی مکمل کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 5 نومبر تک ملتوی کر دی۔ واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی اور دیگر رہنماؤں کے خلاف جوڈیشل کمپلیکس میں ہنگامہ آرائی کا مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں درج ہے۔