پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی کارگو 15 ہزار میٹرک ٹن گیس لے کر پورٹ قاسم پہنچ گیا ہے۔ حکام کے مطابق درآمدات میں اضافے سے مارکیٹ میں ایل پی جی کی دستیابی بہتر اور قیمتوں میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
نئے نظام کے تحت یہ پہلا بڑا ایل پی جی کارگو ہے، جو اینگرو ووپاک ٹرمینل پورٹ قاسم پر لنگر انداز ہوا۔ اس موقع پر خصوصی تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا، جس میں اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم مرزا ناصر الدین مشہود نے شرکت کی۔
اسپیشل سیکریٹری پیٹرولیم کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک کی ہدایات پر عوام کو مناسب قیمت پر ایل پی جی فراہم کرنے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریکارڈ مقدار میں گیس کی آمد سے مارکیٹ میں رسد بہتر ہوگی اور قیمتوں میں کمی لانے میں مدد ملے گی۔
اعلامیے کے مطابق ماضی میں ریگولیٹری رکاوٹوں کے باعث سرکاری کمپنیاں ایل پی جی درآمد نہیں کر رہی تھیں، تاہم نئے نظام کے تحت انہیں درآمدات میں قائدانہ کردار ادا کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی اضافی درآمد سے موسم سرما میں پہاڑی اور دور دراز علاقوں تک گیس کی فراہمی بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ آنے والے ہفتوں میں مزید کارگوز کی آمد متوقع ہے، جس سے اوپن مارکیٹ میں دستیابی بہتر ہونے اور صارفین کو ریلیف ملنے کی امید ہے۔
ای وی ٹی ایل کے چیف ایگزیکٹیو عمار شاہ کے مطابق حکومتی اقدامات سے ایل پی جی کے شعبے میں نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔





