افغانستان میں طالبان حکومت کے خلاف مسلح مزاحمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ سال کے مقابلے میں رواں سال طالبان اور مخالف مسلح گروہوں کے درمیان جھڑپوں اور حملوں کی تعداد تقریباً دوگنا ہوگئی ہے۔
امریکی ادارے آرمڈ کنفلکٹ لوکیشن اینڈ ایونٹ ڈیٹا (اے سی ایل ای ڈی) کے مطابق گزشتہ سال افغانستان کے 14 صوبوں میں مسلح جھڑپیں رپورٹ ہوئی تھیں، تاہم رواں سال یہ سلسلہ بڑھ کر 28 صوبوں تک پہنچ گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق افغانستان یونائیٹڈ فرنٹ رواں سال طالبان مخالف مسلح کارروائیوں میں نمایاں رہا، جس سے 44 فیصد ریکارڈ شدہ جھڑپیں منسوب کی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ نیشنل ریزسٹنس فرنٹ اور افغانستان فریڈم فرنٹ بھی شمالی علاقوں میں سرگرم ہیں۔ مزاحمتی گروہوں کی کارروائیاں طالبان حکومت کے روایتی مضبوط علاقوں قندھار اور ہلمند تک بھی پہنچ چکی ہیں۔
افغانستان میں بڑھتی مسلح سرگرمیاں طالبان حکومت کے لیے سکیورٹی چیلنجز کی نشاندہی کرتی ہیں۔ تاہم ان کارروائیوں کے اثرات اور ملک بھر میں مزاحمتی گروہوں کی حقیقی طاقت کا اندازہ لگانے کے لیے مزید شواہد اور زمینی صورتحال کا جائزہ ضروری ہے۔
دیکھیے ؛ طالبان قیادت کے خلاف عالمی عدالت کی کارروائی جاری، 4 رہنماؤں کے وارنٹ برقرار





