مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی، جس میں علاقائی سکیورٹی صورتحال اور پاکستان مالدیپ دوطرفہ تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقات 21 اکتوبر کو اسلام آباد میں ہوئی۔
ملاقات میں پاکستان اور مالدیپ کے درمیان دفاعی تعاون مضبوط بنانے، ادارہ جاتی روابط بڑھانے اور پیشہ ورانہ تبادلوں کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے دونوں ممالک کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کا حوالہ دیتے ہوئے باہمی تعاون مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان تعمیری روابط کے ذریعے خطے میں امن، استحکام اور سلامتی کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا اور خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔





