کراچی، پاکستان 15جولائی 2025: ٹی 20 ٹیم کے کپتان سلمان علی آغا کا کہنا ہے ٹیم مینجمنٹ نے ٹی20 ورلڈ کپ کو مدنظر رکھتے ہوئے 25 کھلاڑیوں کے پول کو حتمی شکل دے دی ہے۔
بنگلہ دیش روانگی سے قبل قومی ٹیم کے پریکٹس سیشن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کپتان علی آغا نے کہا کہ میری کوشش ہے ٹیم میں آخر وقت تک اچھے کھلاڑی موجود رہیں، اسی سوچ کو مدّ نظر رکھتے ہوئے بینچ اسٹرینتھ کو بڑھانا ہماری اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ ٹیم کے پاس مستقبل کے لیے ایک واضح حکمت عملی ہے۔ 25 کھلاڑیوں کا ایک پول بنایا گیا ہے اور یہ کھلاڑی ورلڈ کپ تک نظر آئیں گے، کپتان علی آغا کا کہنا تھا شاہین آفریدی، بابر اعظم اور محمد رضوان جیسے سینئرز بھی ٹیم کا اہم حصہ ہیں۔ شاہین آفریدی کی کارکردگی سے کون واقف نہیں ہے، شاہین افریدی نے ہمیشہ بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔
کپتان علی آغا نے کہا اگر ہماری ٹیم ٹیسٹ کرکٹ میں اچھی کارکردگی دکھاتی ہے تو دوسری ٹیمیں بھی ہمارے ساتھ مزید ٹیسٹ میچ کھیلنا چاہیں گی، لیکن اس وقت ٹی 20 ورلڈ کپ قریب ہے، لہذا ہماری مکمل توجہ ٹی 20 میچز پر ہے۔
محمد نواز کی واپسی
ایک صحافی نے محمد نواز کی واپسی پر سوال کیا تو کپتان علی آغا نے جواب دیا کہ شاداب کی چوٹ کو دیکھتے ہوئے متبادل کے طور پر محمد نواز کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ علی آغا کا کہنا تھا نواز با صلاحیت کھلاڑی ہے، اچھی کارکردگی دکھائے گا۔
ایک سوال میں کپتانی کے بارے میں پوچھے جانے پر آغا نے کہا، میں یہ نہیں سوچتا کہ آیا میں اگلی سیریز میں کپتانکے منصب پر قائم رہوں گا یا نہیں۔ میری ہمیشہ سے مکمل توجہ موجودہ سیریز پر ہوتی ہے اور میرا مقصد کھلاڑیوں سے بہترین کارکردگی حاصل کرنا ہے۔
آخر میں علی آغا نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو مستقل مزاجی کے ساتھ محنت کی جانب توجہ دلائی۔ اگر ہماری محنت میں مستقل مزاجی رہی تو تبھی ہم اچھی کارکردگی دکھا سکیں گے۔
دیکھیں: پاکستان کا ایشیا کپ کیلئے ہاکی ٹیم کو بھارت نہ بھیجنے کا فیصلہ