پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں زبردست تیزی، انڈیکس ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
ڈالر کی قدر میں بھی کمی، روپے کی پوزیشن میں بہتری۔
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا، جس کے باعث 100 انڈیکس نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ کاروبار کے آغاز پر انڈیکس میں 1748 پوائنٹس کا نمایاں اضافہ دیکھا گیا، جس کے بعد انڈیکس 1 لاکھ 61 ہزار 28 پوائنٹس کی ریکارڈ سطح پر ٹریڈ کرتا رہا۔
یہ اضافہ سرمایہ کاروں کے اعتماد، معاشی پالیسیوں میں بہتری اور مالیاتی استحکام کے آثار کا عکاس ہے۔ مارکیٹ میں گزشتہ روز بھی تیزی کا رجحان برقرار رہا تھا، جہاں 100 انڈیکس 788 پوائنٹس اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 59 ہزار 281 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
رواں ہفتے کے دوران مارکیٹ میں زبردست تجارتی سرگرمیاں دیکھنے میں آئیں۔ صرف گزشتہ روز ہی اسٹاک مارکیٹ میں 1 ارب 67 کروڑ سے زائد شیئرز کا کاروبار ہوا، جن کی مالیت تقریباً 55 ارب روپے رہی۔
دوسری جانب زرمبادلہ کی مارکیٹ میں بھی مثبت پیش رفت دیکھی گئی۔ انٹر بینک میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 11 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد ڈالر 281 روپے 30 پیسے پر آ گیا۔ ماہرین کے مطابق روپے کی قدر میں یہ بہتری درآمدی دباؤ میں کمی اور زرمبادلہ ذخائر میں اضافے کا نتیجہ ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ رجحان برقرار رہا تو آئندہ دنوں میں مارکیٹ مزید مستحکم ہو سکتی ہے، جو معیشت کے لیے خوش آئند اشارہ ہوگا۔
دیکھیں : سیلاب کے باعث ملکی معیشت کو شدید نقصان، جی ڈی پی میں بھی کمی کا خدشہ ظاہر کردیا گیا