پشاور کے علاقے بڈھ بیر میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے ایک بڑی اور کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 4 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا ہے۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کے قبضے سے 3 ایس ایم جیز، ایک پستول اور بھاری مقدار میں دھماکا خیز مواد برآمد کر لیا گیا ہے۔
تلاشی کے دوران ایک ہلاک دہشت گرد کی جیب سے افغان شناختی کارڈ برآمد ہوا، جس سے واضح ہوتا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کی اکثر کارروائیوں میں افغان شہری ہی ملوث پائے جاتے ہیں۔
پاکستان میں حالیہ دہشت گردانہ واقعات کے ثبوت بارہا ظاہر کرتے ہیں کہ افغان باشندے نہ صرف سرحدی دراندازی بلکہ ملک کے اندر امن و امان تباہ کرنے کی سازشوں میں براہِ راست استعمال ہو رہے ہیں۔
کارروائی کے دوران کچھ دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے کی مکمل ناکہ بندی کر کے وسیع پیمانے پر سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب داؤد زئی میں چوکی وزیر قلعہ کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر کے حملے آوروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
سکیورٹی فورسز نے عزم کا اعادہ کیا ہے کہ غیر ملکی عناصر اور ان کے مقامی سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں ملک سے آخری دہشت گرد کے خاتمے تک بلا تعطل جاری رہیں گی۔
دیکھیے: پاک افغان سرحد پر فورسز کی بڑی کارروائی، دراندازی کرنے والے 15 خوارج ہلاک