وزیراعظم شہباز شریف نے خیبرپختونخوا کی مجموعی صورت حال پر آج اہم اجلاس طلب کر لیا ہے، جس میں وفاقی وزرا، اعلیٰ عسکری حکام اور گورنر خیبرپختونخوا شرکت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں صوبے کی مجموعی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ وزیراعظم کو خیبرپختونخوا سے متعلق کیے گئے فیصلوں اور ان کے نتائج پر بریفنگ بھی دی جائے گی۔
دوسری جانب چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی سربراہی میں پارٹی کا وفد بھی آج وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کرے گا۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی اور خیبرپختونخوا کی مجموعی صورت حال پر مشاورت ہوگی۔ اس کے علاوہ آنے والے دنوں میں ممکنہ قانون سازی پر بھی بات چیت کی جائے گی۔
ملاقات میں انتخابی اصلاحات کمیٹی کی تشکیل سے متعلق حکمت عملی بھی زیرِ غور آئے گی۔





