وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کا لانگ مارچ مؤخر کیے جانے تک حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات نہیں ہوسکتے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی قیادت سے بیک ڈور رابطے اب بھی جاری ہیں، تاہم لانگ مارچ مؤخر ہونے تک مذاکرات نہیں ہوسکتے۔
انہوں نے کہا کہ لانگ مارچ سے متعلق صرف بیانات دیے جا رہے ہیں اور عملی طور پر مارچ نہیں ہوگا۔
اسلام آباد میں کنٹینرز
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اسلام آباد میں کنٹینرز حفاظتی اقدامات کے طور پر رکھے گئے ہیں۔ ان کے مطابق کنٹینرز سڑک کنارے موجود ہیں اور سڑکیں کھلی ہوئی ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ اسلام آباد میں کسی کو زبردستی داخل ہونے یا شہر میں چڑھ دوڑنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعظم کے مشیر نے کہا کہ حکومت مذاکرات کے دروازے مکمل طور پر بند نہیں کر رہی۔ تاہم پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ کی کال برقرار رہنے کی صورت میں مذاکرات آگے نہیں بڑھ سکتے۔
حکومت کی جانب سے یہ مؤقف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب پی ٹی آئی نے دارالحکومت کی جانب لانگ مارچ کی کال دے رکھی ہے۔ رانا ثناء اللہ کے مطابق حکومت اور پی ٹی آئی قیادت کے درمیان پسِ پردہ رابطے جاری ہیں، تاہم مذاکرات کے لیے لانگ مارچ مؤخر کرنا ضروری ہے۔
دیکھیے: لانگ مارچ کی تیاری یا تخریب کاری؟ پشاور میں غلیلوں سے بھری گاڑی ضبط