آزاد کشمیر میں عام انتخابات کے کامیاب انعقاد کے فوراً بعد راولاکوٹ میں شدید ناخوشگواری اور بدامنی کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ کالعدم جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کے پرتشدد کارندوں کی جانب سے کی جانے والی ہنگامہ آرائی اور فائرنگ کے نتیجے میں رینجرز کا ایک سپاہی شہید جبکہ تین پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق کالعدم تنظیم کے عناصر نے راولاکوٹ کی طرف لانگ مارچ کرنے کی کوشش کی، تاہم جب قانون نافذ کرنے والے اداروں نے انہیں روکا تو انہوں نے شدید فائرنگ اور پرتشدد حملے شروع کر دیے۔
چیک پوسٹ پر حملہ
راولاکوٹ کے مضافات میں قائم قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ایک سکیورٹی چیک پوسٹ پر پرتشدد مظاہرین نے اچانک حمل کی جس کے نتیجے میں رینجرز کے سپاہی علی رضا نے جامِ شہادت نوش کیا۔
حملہ آوروں نے نہ صرف سکیورٹی اہلکاروں کو نشانہ بنایا بلکہ پرتشدد کارروائی کے دوران رینجرز اور پولیس کی ایک ایک سرکاری گاڑی کو بھی نذرِ آتش کر دیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ فورسز نے شدید اشتعال انگیزی کے باوجود انتہائی ضبط اور پیشہ ورانہ تحمل کا مظاہرہ کیا۔
ٹی ٹی پی اور ایکشن کمیٹی کا گٹھ جوڑ
اسی اثنا میں راولاکوٹ میں جاری دھرنے اور احتجاج کے حوالے سے انتہائی حساس سکیورٹی پیش رفت بھی سامنے آئی ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے منسلک مسلح عناصر اس احتجاجی تحرک میں داخل ہو چکے ہیں۔
سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی بعض وائرل ویڈیوز کا باریک بینی سے جائزہ لیا جا رہا ہے، جن میں ٹی ٹی پی کمانڈر کے مبینہ بیٹے کی موجودگی کی نشاندہی کی جا رہی ہے۔ سیکیورٹی اداروں کے مطابق ان شواہد سے جے اے اے سی اور کالعدم دہشت گرد تنظیموں کے درمیان مبینہ گٹھ جوڑ کے خدشات کو تقویّت ملتی ہے۔
بروقت آپریشن
کالعدم ٹی ٹی پی کی شمولیت اور اس کے نتیجے میں رینجرز اہلکار کی شہادت کے بعد راولاکوٹ اور گردونواح میں سکیورٹی صورتحال انتہائی حساس ہو چکی ہے۔ پولیس اور سکیورٹی اداروں کے مطابق کامیاب انتخابی عمل کو سبوتاژ کرنے اور ریاست مخالف عناصر کے عزائم کو پورا کرنے کے لیے اس تشدد کا سہارا لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گرد اور شدت پسند عناصر کو عوامی احتجاج کی آڑ لینے سے روکنے کے لیے سیکیورٹی اداروں کو ان کے خلاف فوری اور سخت بروقت کارروائی عمل میں لانی ہوگی۔ پولیس اعلامیے کے مطابق ریاست کی عملداری ہر قیمت پر قائم رکھی جائے گی اور املاک کو نقصان پہنچانے و فائرنگ میں ملوث تمام عناصر کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔