سعودی فضائی دفاعی نظام نے حوثی ملیشیا کے ریاض کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنا دی۔ تینوں میزائل فضا میں ہی تباہ کر دیے گئے، جبکہ شہری دفاع نے چند منٹ بعد خطرہ ختم ہونے کا اعلان کردیا۔
اتحادی افواج برائے یمن کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ترکی المالکی نے تصدیق کی ہے کہ حوثی ملیشیا نے سعودی دارالحکومت ریاض کی جانب تین بیلسٹک میزائل داغے، تاہم سعودی فضائی دفاعی نظام نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تینوں میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کردیا۔
واقعے کے بعد سعودی عرب کے نجران ریجن، ریاض شہر اور السلیل گورنری میں ابتدائی وارننگ سسٹم کے ذریعے ہنگامی الرٹ جاری کیا گیا۔ تاہم سعودی محکمہ شہری دفاع نے چند منٹ بعد خطرہ ختم ہونے کا اعلان کردیا۔
سعودی حکام نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے اور الرٹ کے دوران کھلی جگہوں، شیشوں، بالکونیوں اور چھتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی۔
شہری دفاع نے میزائلوں اور ڈرونز کو روکنے کی کارروائیوں یا ان کے ملبے کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے سے بھی خبردار کیا۔ حکام نے حساس سکیورٹی معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا انتباہ بھی دیا ہے۔





