سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 11 مبینہ دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے عیدک میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کارروائی کی گئی۔ آپریشن کے دوران دہشت گردوں کا مؤثر انداز میں تعاقب کیا گیا اور فائرنگ کے تبادلے میں 7 خوارج ہلاک ہوگئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں متعدد ٹھکانے تباہ ہوئے۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے میں دہشت گردوں کی سرگرمیوں کو محدود کرنے کے لیے کارروائیاں جاری رکھنے کا عزم ظاہر کیا ہے۔
دوسری جانب بلوچستان کے ضلع قلات میں بھی سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 4 مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
اطلاعات کے مطابق قلات میں کارروائی کا مقصد دہشت گرد عناصر کی موجودگی کا خاتمہ، ان کی نقل و حرکت محدود کرنا اور علاقے میں امن و امان برقرار رکھنا تھا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان کے علاقے عیدک میں کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ہلاک ہونے والے 7 دہشت گرد بھارتی سرپرستی میں سرگرم تھے۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنانے میں سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتیں قابلِ تحسین ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیاں حاصل کرنے والے اہلکار پوری قوم کا فخر ہیں۔
خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں ہونے والی یہ کارروائیاں دہشت گرد نیٹ ورکس کے خلاف انٹیلی جنس کی بنیاد پر جاری آپریشنز کا حصہ ہیں۔ ان کارروائیوں کا مقصد دہشت گرد عناصر کے نیٹ ورکس کو غیر مؤثر بنانا اور مقامی آبادی کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنا ہے۔
دیکھیے: بلوچستان: ضلع کچھی میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 6 دہشت گرد ہلاک





