سکردو میں چار افراد کے قتل کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ گلگت بلتستان پولیس نے خیبر پختونخوا کے ضلع کرم سے دو مرکزی ملزمان کو گرفتار کرلیا ہے۔
ترجمان گلگت بلتستان پولیس کے مطابق خصوصی پولیس ٹیم نے ضلع کرم پولیس کے تعاون سے کارروائی کی اور دونوں ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کو مزید تفتیش اور قانونی کارروائی کے لیے جلد گلگت بلتستان منتقل کیا جا رہا ہے۔
گلگت بلتستان پولیس نے ملزمان کی گرفتاری میں تعاون پر انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا اور ضلع کرم پولیس کا شکریہ ادا کیا ہے۔
ترجمان کے مطابق قتل کے مقدمے میں ملوث دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی کوششیں جاری ہیں۔ کیس کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔





