امریکا اور انڈیا نے دس سالہ دفاعی تعاون کے منصوبے پر دستخط کر دیے ہیں، جس کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مضبوط بنانا ہے۔
امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے بھارتی ہم منصب راج ناتھ سنگھ کے ساتھ ہونے والی ملاقات کو تاریخی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مذکورہ معاہدہ دونوں ممالک کے دفاعی تعلقات میں مزید اضافہ کرے گا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہماری دفاعی شراکت داری آج تاریخ کی مضبوط ترین سطح پر ہے۔
بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے اس موقع پر کہا کہ یہ نیا دفاعی منصوبہ دونوں ممالک کے مابین دفاعی سرگرمیاں اور تجارتی تعلقات کو مزید بہتر کرے گا۔ رپورٹ کے مطابق مذکورہ معاہدے کے تحت انڈیا امریکی فوجی ہارڈویئر اور ٹیکنالوجی کی خریداری اور امریک فوج کے ساتھ مشقوں اور تربیتی پروگرام میں شریک ہوگا۔
امریکی وزیر دفاع نے دورانِ اجلاس واضح انداز میں کہا ہے کہ امریکا ہند بحرالکاہل میں اپنے مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے اپنی طاقت کو برقرار رکھے گا۔ انہوں نے تائیوان کے قرب و جوار میں چینی فوجی کی سرگرمیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
دیکھیں: امریکا – چین تعلقات میں نیا موڑ: تجارت، ٹیکنالوجی اور طاقت کی کشمکش
 
								 
								 
								 
								 
								 
								 
								