وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے سندھ میں نئے صوبوں کے قیام کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کو بچانے کے لیے چھوٹے صوبے ناگزیر ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر نئے صوبوں کے معاملے پر خون کا ایک قطرہ بھی بہا تو اس کی ذمہ داری بلاول بھٹو زرداری پر عائد ہوگی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے حیدرآباد، میرپورخاص اور سکھر میں خون بہنے کی بات کی ہے، جو افسوس ناک ہے۔ ان کے مطابق ان علاقوں میں رہنے والے شہریوں کو اپنے حقوق اور انتظامی اختیارات ملنے چاہئیں۔
وفاقی وزیر نے سوال اٹھایا کہ اگر پیپلز پارٹی نے سندھ میں اچھی کارکردگی دکھائی ہے تو اسے نئے صوبوں کے قیام پر اعتراض کیوں ہے؟ انہوں نے کہا کہ سندھ میں دس صوبے بنا دیے جائیں اور دس وزرائے اعلیٰ مقرر کر دیے جائیں تو اس میں کیا حرج ہے۔
مصطفیٰ کمال نے سندھ میں گزشتہ 18 سال سے پیپلز پارٹی کی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبے کو 18ویں آئینی ترمیم کے بعد بھی اربوں روپے کے وسائل ملے، لیکن عوام کو پینے کا صاف پانی، صحت کی سہولیات اور بنیادی شہری حقوق میسر نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں ادویات کی کمی اور شہری سہولیات کی خراب صورتحال حکومتی کارکردگی پر سوالات اٹھاتی ہے۔
انہوں نے کراچی کے ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ان کے دورِ نظامت میں شہر میں 300 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے مکمل کیے گئے اور کراچی کو دنیا کے تیزی سے ترقی کرنے والے 12 شہروں میں شامل کیا گیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کے دور میں کراچی کے مختلف علاقوں اور جزائر میں رہنے والے ہزاروں خاندانوں کو پانی فراہم کیا گیا۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں کے نوجوانوں کو روزگار کے محدود مواقع میسر ہیں، جبکہ سرکاری ملازمتوں میں شہری کوٹے اور جعلی ڈومیسائل کے معاملات بھی توجہ طلب ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ صوبے میں شہری آبادی کو ان کے جائز حقوق نہیں دیے جا رہے۔
مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ نئے صوبوں کا قیام کوئی غیر آئینی مطالبہ نہیں اور 1973 کے آئین میں صوبوں کی تشکیل کا طریقہ کار موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین میں متعدد ترامیم ہو سکتی ہیں تو انتظامی بنیادوں پر نئے صوبوں کے قیام پر بھی بات ہونی چاہیے۔
انہوں نے واضح کیا کہ انہیں نئے صوبوں کے مطالبے سے پیچھے ہٹنے پر مجبور نہیں کیا جا سکتا اور پاکستان کو مضبوط بنانے کے لیے اختیارات نچلی سطح تک منتقل کرنا ضروری ہے۔
پریس کانفرنس کے دوران مصطفیٰ کمال نے وزیراعظم کے ہیپاٹائٹس فری پاکستان پروگرام سے متعلق بھی گفتگو کی۔ ان کے مطابق اس منصوبے کے تحت شہریوں کی ہیپاٹائٹس اسکریننگ مفت کی جا رہی ہے اور اسلام آباد میں اب تک ڈیڑھ لاکھ افراد کی اسکریننگ مکمل ہو چکی ہے۔





