اقوام متحدہ میں پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف اپنے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک نے اس جنگ میں 90 ہزار سے زائد جانوں کی قربانیاں دی ہیں، جبکہ گزشتہ تین برس کے دوران افغانستان سے ہونے والی دہشتگردی میں 4 ہزار 700 سے زائد پاکستانی شہید ہوئے۔
پاکستان کے مستقل مندوب سید حیدر شاہ نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کمیٹیوں میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ داعش خراسان، تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، بلوچستان لبریشن آرمی (بی ایل اے) اور مجید بریگیڈ افغانستان سے کارروائیاں کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگرد گروہوں کو میزبانوں اور پاکستان کے بنیادی دشمن کی پشت پناہی حاصل ہے۔ پاکستان نے اقوام متحدہ کے 1267 پابندیوں کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کا مطالبہ بھی کیا۔
سید حیدر شاہ کا کہنا تھا کہ دہشتگرد تنظیموں کو پابندیوں کی فہرست میں شامل کرنے اور نکالنے کا عمل شفاف ہونا چاہیے اور اسے سیاسی مفادات سے بالاتر رکھا جائے۔
پاکستانی مندوب نے انسداد دہشتگردی کی کوششوں میں اسلاموفوبیا اور دائیں بازو کی انتہا پسندی کو بھی شامل کرنے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا، مصنوعی ذہانت اور کرپٹو کرنسی کے ذریعے دہشتگردی کی مالی معاونت روکنے کے لیے اقدامات ضروری ہیں۔
انہوں نے قرارداد 1540 پر عمل درآمد اور جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال کی اہمیت پر بھی زور دیا۔





