آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت کارروائیوں میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ، اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کرلیا گیا۔
بلوچستان کے ضلع مستونگ میں سکیورٹی فورسز نے دو مختلف کارروائیوں کے دوران فتنۃ الہندوستان کے 15 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ کارروائیوں میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے بھی تباہ کیے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق بلوچستان میں آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت فتنۃ الہندوستان کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں مستونگ کے مختلف علاقوں میں دو بڑی کارروائیاں کی گئیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پہلی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے، جبکہ ان کے متعدد ٹھکانے تباہ کردیے گئے۔ اس دوران بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
دوسری کارروائی میں سکیورٹی فورسز نے مزید 10 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔ اس کارروائی کے دوران بھی اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا، جبکہ دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کردیے گئے۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن کے دوران کلی پسند خان، موسیٰ خان، خراسانی اور کفتاری کے علاقوں کو دہشت گردوں سے مکمل طور پر کلیئر کرالیا گیا۔
وزیراعظم کا سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین
وزیراعظم شہباز شریف نے مستونگ میں کارروائیوں کے دوران 15 دہشت گردوں کی ہلاکت پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے سکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور عزم قابل تحسین ہیں۔ پوری قوم اس جنگ میں اپنی بہادر فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک دشمن عناصر کے عزائم کامیاب نہیں ہونے دیے جائیں گے اور بلوچستان سمیت ملک کے ہر حصے سے دہشت گردی کے خاتمے تک کوششیں جاری رہیں گی۔
دیکھیے ؛ خیبرپختونخوا میں مارے گئے 4 دہشت گردوں میں افغان ٹی ٹی پی کمانڈر بھی شامل





