بابا گورونانک دیو جی کے 557ویں جنم دن کی تقریبات میں شرکت کے لیے 2 ہزار 339 بھارتی سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے پاکستان پہنچ گئے۔ متروکہ وقف املاک بورڈ اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے عہدیداروں نے ان کا استقبال کیا۔
ترجمان کے مطابق یاتریوں کو تین قافلوں میں سخت سکیورٹی کے ساتھ ننکانہ صاحب روانہ کیا گیا ہے۔ وہاں 24 نومبر کو گوردوارہ جنم استھان میں مرکزی تقریب ہوگی۔ تقریبات 23 سے 24 نومبر تک جاری رہیں گی، جن میں دنیا بھر سے 20 ہزار سے زائد سکھ یاتریوں کی شرکت متوقع ہے۔
تقریب میں مذہبی رسومات، اکھنڈ پاٹھ صاحب اور روایتی نگر کیرتن ہوگا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑا نے بھارت سے کرتارپور راہداری دوبارہ کھولنے کا مطالبہ بھی کیا۔
شیڈول کے مطابق یاتری 25 نومبر کو گوردوارہ سچا سودا، اس کے بعد گوردوارہ پنجہ صاحب اور 27 نومبر کو گوردوارہ دربار صاحب کرتارپور جائیں گے۔ 29 اور 30 نومبر کو لاہور کے گوردواروں کی زیارت کریں گے، جبکہ یکم دسمبر کو بھارت واپس روانہ ہوں گے۔
دیکھیے ؛ بھارتی صحافی نے مودی حکومت کے فالس فلیگ ڈرامے بےنقاب کر دیے





