امریکا میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت اہم سیاسی شخصیات کو قتل کرنے کی مبینہ سازش کے الزام میں پاکستانی شہری آصف مرچنٹ کو 27 سال 6 ماہ قید کی سزا سنا دی گئی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق 48 سالہ آصف مرچنٹ کو نیویارک کے علاقے بروکلین کی وفاقی عدالت نے سزا سنائی۔ امریکی ڈسٹرکٹ جج ایرک آر کومیتی نے انہیں مجموعی طور پر 330 ماہ قید کی سزا دی۔
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق آصف مرچنٹ کو بین الاقوامی سطح پر دہشت گردی کی کارروائی اور معاوضے کے عوض قتل کی سازش کے الزامات میں مجرم قرار دیا گیا ہے۔
امریکی استغاثہ کا الزام تھا کہ آصف مرچنٹ نے 2024 میں ایران کی ہدایت پر امریکا میں ایسے افراد بھرتی کرنے کی کوشش کی جو صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور دیگر اہم سیاسی شخصیات کو نشانہ بناتے۔ ممکنہ اہداف میں سابق امریکی صدر جو بائیڈن اور ریپبلکن رہنما نکی ہیلی بھی شامل تھیں۔
حکام کے مطابق اس مبینہ منصوبے کا مقصد 2020 میں امریکی حملے کے نتیجے میں ایرانی فوجی کمانڈر جنرل قاسم سلیمانی کی ہلاکت کا بدلہ لینا تھا۔ امریکی قانون نافذ کرنے والے اداروں نے منصوبے پر عمل درآمد سے پہلے ہی کارروائی کرتے ہوئے اسے ناکام بنا دیا تھا۔
خفیہ مخبر پر گرفتاری
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق آصف مرچنٹ نے اپریل 2024 میں ایک شخص سے مبینہ قتل کی سازش میں مدد طلب کی تھی۔ تاہم اس شخص نے امریکی حکام کو اطلاع دے دی اور خفیہ مخبر بن گیا، جس کے بعد آصف مرچنٹ کو گرفتار کرلیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق مارچ میں وفاقی جیوری نے انہیں مجرم قرار دیا تھا۔ دورانِ مقدمہ آصف مرچنٹ نے اعتراف کیا کہ وہ ایران کی پاسداران انقلاب سے منسلک افراد کے ساتھ اس منصوبے میں شامل ہوئے تھے۔
تاہم ان کا مؤقف تھا کہ انہوں نے تہران میں موجود اپنے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے دباؤ کے تحت یہ کردار ادا کیا۔ ان کے مطابق انہیں کسی مخصوص شخصیت کو قتل کرنے کا براہ راست حکم نہیں دیا گیا تھا، البتہ ایرانی رابطہ کار نے گفتگو کے دوران تین ممکنہ اہداف کے نام لیے تھے۔
دوسری جانب ایران نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت امریکی عہدیداروں کے قتل کی سازش میں ملوث ہونے کے الزامات کی تردید کی ہے۔





