سوشل میڈیا اور سیاسی حلقوں میں پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ کی گرفتاری سے متعلق گردش کرنے والی تمام خبریں مکمل طور پر من گھڑت اور بے بنیاد ثابت ہوئی ہیں۔
مصدقہ اطلاعات کے مطابق سلمان اکرم راجہ نہ تو گرفتار ہوئے ہیں اور نہ ہی وہ کسی تھانے یا قانون نافذ کرنے والے ادارے کی حراست میں ہیں۔
ہمدردی سمیٹنے کا حربہ
تحقیقات اور سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ افواہیں دانستہ طور پر پھیلائی گئیں۔ اس کا مقصد محض عوامی توجہ حاصل کرنا اور مظلومیت کا رونا رو کر عوام میں بے چینی پیدا کرنا تھا۔
سلمان اکرم راجہ کی تھانہ نیلور کی حدود سے مبینہ گرفتاری کا دعویٰ سوشل میڈیا پر وائرل کیا گیا، تاکہ عام شہریوں کے جذبات کو بھڑکایا جا سکے۔
ستمبر مارچ اور بدامنی
یہ جعلی بیانیہ ایک ایسے وقت میں گھڑا گیا ہے جب پی ٹی آئی 27 ستمبر کو اسلام آباد کی طرف کال دے کر ماحول کو کشیدہ کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
ماضی کی طرح اس بار بھی فرضی گرفتاریوں اور جھوٹے دعوؤں کے سہارے ماحول خراب کرنے کی دانستہ کوشش کی گئی۔ اس طرح کی من گھڑت خبریں پھیلا کر امن و امان کی صورتحال پر اثر انداز ہونے کا خطرناک کھیل کھیلا جا رہا ہے۔
حکام کے مطابق ریاستی اداروں پر دباؤ ڈالنے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کے ذریعے قانون کی رٹ کو چیلنج کرنے کی ہر کوشش کو سختی سے روکا جائے گا۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ عوام سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی جعلی خبروں پر کان نہ دھریں۔ قانون ہاتھ میں لینے اور بے بنیاد افواہوں کے ذریعے فتنہ و فساد پھیلانے والے عناصر کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جا سکتی ہے۔
دیکھیے: علیمہ خان نے علی محمد خان کو ڈائس سے ہٹا دیا، اندرونی اختلافات پھر نمایاں