بحرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں کو ناکام بنا دیا ہے، جبکہ کویت نے بھی اپنے فضائی دفاعی نظام کے ذریعے مشتبہ ڈرون حملوں کا مقابلہ کرنے کی تصدیق کی ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بحرین کی دفاعی افواج نے اپنے بیان میں ایران پر ملک کو مسلسل نشانہ بنانے اور دشمنانہ طرزِ عمل اختیار کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ بحرینی حکام کا کہنا ہے کہ ایران کا رویہ منظم اور مسلسل دشمنی پر مبنی ہے۔
بحرین کی وزارت داخلہ نے بدھ کے روز شہریوں اور رہائشیوں کے لیے دو مرتبہ ہنگامی انتباہ جاری کیا۔ دونوں مواقع پر لوگوں کو قریبی محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی۔
وزارت داخلہ نے بعد ازاں خطرہ ٹلنے کا اعلان کرتے ہوئے شہریوں کو معمول کی سرگرمیاں بحال کرنے کی اجازت دے دی۔
ڈرون حملے ناکام بنانے کا دعویٰ
دوسری جانب کویتی فوج نے بتایا کہ بدھ کی صبح ملک کے فضائی دفاعی نظام نے مشتبہ دشمن ڈرون حملوں کا مقابلہ کیا۔
تاہم فوج نے ڈرونز کی تعداد، ممکنہ اہداف یا کسی جانی و مالی نقصان کے بارے میں تفصیلات جاری نہیں کیں۔
بحرین میں امریکی بحریہ کا پانچواں بیڑا بھی موجود ہے، جس کے باعث یہ ملک خطے میں امریکی فوجی سرگرمیوں کے لیے اہم حیثیت رکھتا ہے۔
بحرین اور کویت میں فضائی دفاعی کارروائیاں ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب خلیجی خطے میں ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی برقرار ہے۔ تاہم دونوں ممالک میں حملوں کی مکمل تفصیلات اور ممکنہ نقصانات کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔
دیکھیے: بہاریوں کی دردناک داستان کیا ہے؟





