پشاور کے علاقے متنی میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور پاک فوج کی مشترکہ کارروائی کے دوران فتنۃ الخوارج کے 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ متعدد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔
ترجمان سی ٹی ڈی خیبر پختونخوا کے مطابق مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد پاسانی روڈ، ادیزی خوڑ متنی میں موجود ہیں اور پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے سمیت سرکاری تنصیبات پر حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔
اطلاع ملنے پر سی ٹی ڈی کی سوات ٹیموں اور پاک فوج کے جوانوں نے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے گھات لگائی۔ فورسز کو دیکھتے ہی دہشت گردوں نے شدید فائرنگ شروع کردی، جس پر اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔
ترجمان کے مطابق فائرنگ کا تبادلہ رکنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا تو 3 دہشت گردوں کی لاشیں ملیں۔ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت عبدالرشید، سعید اللہ اور سعید نواب کے ناموں سے ہوئی، جبکہ دیگر دہشت گرد رات کی تاریکی اور جھاڑیوں کا فائدہ اٹھا کر فرار ہوگئے۔
کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 2 کلاشنکوف، ایک پستول، 3 ہینڈ گرنیڈ، 5 میگزین اور قومی شناختی کارڈز برآمد کیے گئے۔ فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔
انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل انسپکٹر جنرل سی ٹی ڈی نے عزم ظاہر کیا ہے کہ دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور انہیں منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔
دیکھیے ؛ خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائیاں، 22 دہشت گرد ہلاک





