کابل میں اسلامی امارت کے سربراہ شیخ ہیبت اللہ اخونزادہ کے فرامین پر چار روزہ کانفرنس جاری ہے، جہاں انہیں شرکاء کی جانب سے شیخ الاسلام کا لقب بھی دیا گیا۔ اپنے خطاب میں اخونزادہ نے اتحاد، اسلامی شریعت کے نفاذ اور افغانستان پر مکمل کنٹرول کا دعویٰ کیا، جبکہ بیرون ملک مقیم افغان شہریوں کو عام معافی کی یقین دہانی کراتے ہوئے واپس آنے کی دعوت دی۔
ان دعوؤں پر کئی اہم سوالات اٹھتے ہیں۔ ایک غیر منتخب اور عالمی سطح پر غیر تسلیم شدہ حکومت کے سربراہ کو مذہبی لقب دینا کیا واقعی علمی فیصلہ ہے یا اقتدار کو مذہبی جواز دینے کی کوشش؟ دوسری جانب خواتین کی تعلیم، ملازمت اور نقل و حرکت پر پابندیاں برقرار ہیں۔ ایسے حالات میں اتحاد اور عوام کے حقوق کی باتیں زمینی حقیقت سے مختلف دکھائی دیتی ہیں۔
افغانستان پر مکمل کنٹرول کے دعوے کے باوجود سرحد پار دہشت گردی اور ٹی ٹی پی کی سرگرمیوں کا معاملہ بھی اہم سوال ہے۔ اسی طرح عام معافی کے وعدوں اور حکومتی عہدوں میں اہلیت کی بنیاد پر تقرریوں کے دعوؤں کو بھی عملی اقدامات سے ثابت کرنا ہوگا۔
اصل سوال یہ ہے کہ جس حکومت نے عوام کو اپنی قیادت منتخب کرنے کا موقع نہیں دیا، وہ عوام کی رضامندی اور نمائندگی کا دعویٰ کیسے کر سکتی ہے؟ محض کانفرنسوں اور نعروں سے اعتماد قائم نہیں ہوتا۔ افغانستان میں حقیقی اتحاد کے لیے تمام شہریوں کے حقوق، خواتین کی تعلیم اور آزادی، شفاف حکمرانی اور عوام کی رائے کا احترام ضروری ہے۔
دیکھیے ؛ کابل یونیورسٹی بند، طالبان کا 4 ہزار علما کو جمع کرنے کا فیصلہ





