بحرین کے فضائی دفاعی نظام نے ایرانی حملے ناکام بنانے کا دعویٰ کیا ہے، واقعے میں صنعتی مرکز کو مالی نقصان پہنچا۔
بحرین میں ہفتے کی شب مبینہ ایرانی فضائی حملے کے بعد ایک صنعتی تنصیب میں آگ بھڑک اٹھی۔ حکام کے مطابق واقعے میں صنعتی مرکز کو مالی اور مادی نقصان پہنچا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع سامنے نہیں آئی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق بحرین کی وزارت داخلہ نے بتایا کہ حملے کے بعد شہری صنعتی مرکز میں آگ لگ گئی۔ آگ پر قابو پانے کے لیے سول ڈیفنس کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور امدادی کارروائیاں شروع کر دیں۔
حکام نے متاثرہ تنصیب کے مقام اور نقصان کی مجموعی تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کیں۔
دوسری جانب بحرین کے سرکاری ٹیلی وژن نے دعویٰ کیا کہ ملک کے فضائی دفاعی نظام نے ایران کی جانب سے کیے گئے فضائی حملوں کو روک دیا۔
حملے سے چند منٹ قبل وزارت داخلہ نے شہریوں اور غیر ملکی رہائشیوں کے لیے ہنگامی انتباہ جاری کیا تھا۔ انہیں پرسکون رہنے، قریبی محفوظ مقام پر منتقل ہونے اور سکیورٹی اداروں کی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی تھی۔
وزارت داخلہ نے عوام کو سرکاری ذرائع سے جاری ہونے والی اطلاعات پر نظر رکھنے کی ہدایت بھی کی۔
بحرین میں امریکی بحریہ کے پانچویں بیڑے کا ہیڈکوارٹر بھی قائم ہے۔ حالیہ دنوں میں بحرین متعدد ایرانی فضائی حملے روکنے کا دعویٰ کر چکا ہے۔
حکام کے مطابق صنعتی تنصیب کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے جبکہ واقعے کی مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔





