وفاقی وزیر اطلاعات عطاء تارڑ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات کو دو قومی نظریئے کے تناظر میں دیکھنا چاہیے۔ پاکستان نے کبھی جارحیت کا راستہ نہیں اپنایا۔ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ پاکستان نے ہمیشہ امن اور انصاف کی بات کی ہے۔ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔
سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری کی تصنیف کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ اعزاز احمد چوہدری نے پاکستان کے لیے نمایاں خدمات انجام دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے تعلقات کو دو قومی نظریئے کے تناظر میں دیکھنا چاہیے۔ پاکستان نے کبھی جارحیت کا راستہ نہیں اپنایا۔ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ افواج پاکستان نے بھارتی جارحیت کو ناکام بنایا۔ پاک فوج نے ہمیشہ ملکی دفاع کے لیے اہم کردار ادا کیا ہے۔ بھارت کی موجودہ حکومت نے وہاں اقلیتوں کی زندگی کو اجیرن بنادیا ہے۔
بھارتی حکومت اب دنیا میں دہشت گردی میں ملوث ہے۔ کینیڈا اور دیگر ملکوں میں سکھوں کے قتل کے واقعات بھارتی دہشت گردی کا واضح ثبوت ہیں۔
وفاقی وزیر عطاء تارڑ کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے کامیاب سفارت کاری کے ذریعے دنیا میں اپنا نقطہ نظر مؤثر انداز میں پیش کیا ہے۔ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں۔ ہماری افواج نے پاکستان کو ہی نہیں دنیا کو محفوظ بنانے کے لیے قربانیاں دی ہیں۔بھارت پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے جب کہ پاکستان نے ہمیشہ امن اور انصاف کی بات کی ہے۔ بھارت پانی کو بطور ہتھیار استعمال کر رہا ہے۔
دیکھیں: سیلاب سے زرعی شعبے کی کمر ٹوٹ گئی، ملکی معیشت کو 1.4 ارب ڈالرز کا نقصان